اپنی شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والی دلہن گرفتار اور دُولہا فرار
راولپنڈی: اپنی شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والی دُلہن گرفتار کرلی گئی۔ پولیس نے تھانہ مندرہ کے علاقے گوہڑہ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہن کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق دلہن کے پاس اسلحہ لائسنس بھی نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لہنگا پہنے دلہن ثناء شہریار فائرنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کی گئیں جب کہ دولہا موقع سے فرار ہوگیا جس کا تعاقب جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقع تھانہ مندرہ میں گزشتہ رات پیش آیا، دلہن کی فائرنگ کرنے کی ویڈیو موصول ہوگئی ہے، مقدمہ درج کرکے پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ دولہے نے دُلہن کو پستول دیا فوٹوگرافر نے ڈائریکشن دی اور دُلہن نے فائر کھول دیے، دُلہن نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر لیڈی کانسٹیبل نے کوشش ناکام بنادی۔
پولیس کے مطابق مخبر نے ہوائی فائرنگ کی خفیہ اطلاع پولیس کو دی تھی جب کہ دلہن کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، دلہن کے اہل خانہ نے ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے۔