تحریک لبیک پر عائد پابندی ختم، کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکال لیاگیا

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، اب ٹی ایل پی کے ساتھ لفظ کالعدم نہیں لکھا جائے گا جب کہ وہ اپنی سرگرمیاں بھی جاری رکھ سکے گی۔
پنجاب حکومت نے تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لینے کی سفارشات تیار کرکے وزارت داخلہ کو ارسال کی تھیں، وزارت داخلہ نے یہ سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی جسے کابینہ نے منظور کرلیا تھا، اب وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی سے پابندی ختم ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
پابندی کا یہ خاتمہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے باعث ہوسکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے معاہدے کے تمام نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے، کالعدم تنظیم کے 577 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے ہیں اور تحریک لبیک کے 2100 سے زائد گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا ہے جب کہ پنجاب حکومت ٹی ایل پی کے کارکنوں پر قائم مقدمات کے حوالے سے عدالتوں میں نرم رویہ اختیار کرے گی۔
دریں اثنا ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک لبیک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ احتجاج رویہ تبدیل کرے گی اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں شروع کرے گی۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کو پنجاب حکومت کی درخواست پر 15 اپریل کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

شیئر

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔