شہروں کی مصنوعی روشنیاں فالج کا باعث قرار
ہانگزو: ایک نئی تحقیق میں میں انکشاف ہوا ہے کہ بڑے شہروں کی تیز روشنیاں انسان میں فالج کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔
چینی محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق راتوں میں روشن ہونے والی مصنوعی روشنیاں دماغ میں خون کے بہاؤ کو اس طرح متاثر کرتی ہیں جس سے فالج کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ رات کے وقت مصنوعی روشنیوں میں سب سے زیادہ رہنے والے افراد میں دماغی شریانوں سے متعلق بیماریوں کا خطرہ 43 فیصد بڑھ جاتا ہے۔ اس میں شریانیں بند ہوجاتی ہیں جو دماغ میں خون کی فراہمی روکتی ہیں اور دماغ میں ہی خون بہنا شروع ہوجاتا ہے، یہ دو حالتیں فالج کا سبب ہیں۔
چین کے ژی جیانگ یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کے محقق جیان بِنگ وانگ نے نیوز ریلیز میں بتایا کہ نتائج کی بنیاد پر ہم لوگوں کو مشورہ دیتے ہیں، خاص طور پر شہری علاقوں میں رہنے والوں کو، کہ وہ اپنے آپ کو شہر کی مصنوعی روشنیوں سے محفوظ رکھیں یا کم از کم اسے حد درجہ کم کردیں۔
محققین کا یہ بھی کہنا تھا کہ مصنوعی روشنی کے زیادہ استعمال کے نتیجے میں ہی عالمی آبادی کا پانچواں حصہ روشنی سے آلودہ ماحول میں رہ رہا ہے۔