سینی فیلیا فلیئر فلم فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن، ڈاکٹر عمیر ہارون کی بطور مہمان خصوصی شرکت
کراچی: علی اکبر کاظمی کی جانب سے گزشتہ دنوں تین روزہ سینی فیلیا فلیئر فلم فیسٹیول کے چھٹے ایڈیشن کا کامیابی کے ساتھ انعقاد ہوا۔ ڈاکٹر عمیر ہارون اس فیسٹیول کے مہمان خصوصی تھے۔ عالمی سطح پر مُلک کا نام روشن کرنے والے ڈاکٹر عمیر ہارون کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ کراچی کے یہ سپوت انٹرنیشنل اکیڈمی آف ٹیلی ویژن آرٹس اینڈ سائنسز (IATAS) کے پہلے پاکستانی رکن ہیں، جو انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے پیچھے باوقار ادارہ ہے۔ ڈاکٹر عمیر ہارون نے اس فیسٹیول میں بطور معزز جیوری رکن بھی اپنی خدمات سرانجام دیں، جس سے اس تقریب کو مزید وقار ملا۔ یہ فیسٹیول تین روزہ اسکریننگز اور تقریبات کے بعد کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول میں بین الاقوامی فلموں کی شاندار لائن اپ پیش کی گئی۔

فیسٹیول کے لیے فلموں کی سبمیشن کا آغاز 18 اکتوبر 2025 کو ہوا جبکہ آخری تاریخ 20 دسمبر 2025 مقرر کی گئی تھی۔ دنیا بھر کے 24 ممالک سے فلمیں موصول ہوئیں۔ سخت اور جامع انتخابی عمل کے بعد 67 فلموں کو فیسٹیول کے دوران نمائش کے لیے منتخب کیا گیا، جو مختلف ثقافتوں، کہانیوں اور سنیما کے متنوع اسالیب کی نمائندگی کرتی تھیں۔
تین روزہ اس ایونٹ کے دوران شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا، جس میں یونیورسٹی طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد شامل تھی۔ متعدد اسکریننگز ہاؤس فل رہیں، جو مقامی ناظرین میں آزاد اور بین الاقوامی سنیما میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔

فیسٹیول کے دوران ایک معزز جیوری پینل نے فلموں کا جائزہ لیا۔ جیوری میں ڈاکٹر عمیر ہارون، محمد فراز، منیزے علی، خرم سہیل اور علی شیخ شامل تھے۔ ان کی مہارت اور تجربے نے شفاف اور بصیرت افروز فیصلہ سازی کو یقینی بنایا جب کہ ابھرتے ہوئے فلم سازوں کے ساتھ تبادلۂ خیال بھی ممکن بنایا۔
اسکریننگز کے علاوہ، فیسٹیول کے دوران ایک پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں سنیما کے مستقبل پر بامعنی گفتگو ہوئی۔ اس نشست میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اسٹریمنگ سروسز کس طرح فلم انڈسٹری کی ساخت کو تبدیل کررہی ہیں۔ ساتھ ہی پاکستان میں فن اور سنیما کی اہمیت، مقامی فلم سازوں کو درپیش چیلنجز اور تخلیقی اظہار کے فروغ کے لیے مضبوط پلیٹ فارمز کی ضرورت پر بھی گفتگو کی گئی۔
فیسٹیول کا اختتام 3 جنوری 2026 کی شام ایوارڈ تقریب کے ساتھ ہوا، جس میں مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی فلموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ قازقستان، پاکستان، بھارت، ایران، انڈونیشیا، سری لنکا اور بنگلادیش سے تعلق رکھنے والی فلموں نے ایوارڈز حاصل کیے، جو فیسٹیول کی عالمی رسائی کو ظاہر کرتا ہے۔
بہترین فیچر فلم Blessed (قازقستان) قرار پائی۔ بہترین خصوصی کیٹیگری فلمیں The Prism (پاکستان)، تُو میرا دوست (پاکستان) ٹھہریں۔ بہترین دستاویزی فلمیں Sukkur Stories (پاکستان)، The Colors of Tangail (بنگلادیش)، بہترین اینی میشن فلمیں: Sweat (پاکستان)، The Ugly Green Planet (بھارت) قرار پائیں۔
20 منٹ اور 10 منٹ کی کیٹیگریز میں بھی ہدایت کاری، اسکرین پلے، سنیماٹوگرافی اور مجموعی فلم سازی کے شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو سراہا گیا۔

ایوارڈ نائٹ ایک پُرجوش اور رنگا رنگ تقریب رہی، جس میں لائیو بینڈز، موسیقی کی پرفارمنسز اور انٹرایکٹو گیمز شامل تھے، جنہوں نے شرکاء کو مسلسل محظوظ کیے رکھا۔
فیسٹیول کو Myco، Vouch 360، Raheela’s اور Westryfit کی جانب سے تعاون حاصل رہا، جنہوں نے جیوری اراکین اور شرکاء میں تقسیم کیے جانے والے تحائف (ہیمپرز) فراہم کیے۔ زمینی سطح پر منعقد ہونے والے ایونٹ کے بعد، فیسٹیول کی مکمل لائن اپ 10 جنوری سے 20 جنوری 2026 تک Myco پر اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوگی، جس سے فیسٹیول کی رسائی ڈیجیٹل ناظرین تک بھی ممکن ہو سکے گی۔
پورے ایونٹ کی منصوبہ بندی اور انتظام ایونٹ مینجمنٹ کلاس نے انجام دیا، جن کی محنت، لگن اور ٹیم ورک کے باعث تینوں دن فیسٹیول نہایت خوش اسلوبی سے منعقد ہوا۔
سینی فیلیا فلیئر فلم فیسٹیول کے چھٹے ایڈیشن نے ایک بار پھر خود کو مقامی اور بین الاقوامی سینما کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت کیا، جو مکالمے، تخلیقی صلاحیتوں اور فلم کو ایک ارتقا پذیر فن کے طور پر سراہنے کے عمل کو فروغ دیتا ہے۔