پاکستانی نژاد کرکٹرز کی حامل ٹیموں کو بھارتی ویزا کے حصول میں مشکلات
کراچی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا انعقاد اگلے ماہ کے اوائل میں بھارت میں ہوگا، اس کے لیے اپنے اسکواڈ میں پاکستانی نژاد کرکٹرز شامل کرنے والی پانچ ٹیموں کو بھارتی ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق کینیڈا، اٹلی، عمان، امریکا اور یو اے ای نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر ویزا حاصل کرنے میں مشکلات سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی کی جانب سے ان ممالک کو تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ماضی میں بھی انگلینڈ ٹیم کے دو پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو انتہائی تاخیر سے ویزے دیے گئے تھے۔
انگلش ٹیم کے شعیب بشیر اور ثاقب محمود ویزا مسائل کی وجہ سے چند میچز نہیں کھیل سکے تھے۔
برطانوی پاسپورٹ رکھنے کے باوجود پاکستان سے تعلق پر ویزا مسائل ہوتے ہیں۔ بھارتی حکومت کی سخت پالیسیز کی وجہ سے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو ویزا حاصل کرنے میں 90 روز بھی لگ جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز 7 فروری سے ہونا ہے۔