پچھلے 8 ماہ سے ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زائد برقرار!
اسلام آباد/ کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ماہ کے دوران 2 ارب 27 کروڑ ڈالرز مالیت کی ترسیلات زر بھجوائیں اور یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زائد رہا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 27 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، جو گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے، یہ مسلسل آٹھواں مہینہ ہے جس میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ رواں برس اب تک گزشتہ برس کے مقابلے میں 24 فیصد زائد ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے اور اس پر وہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔
اپنی دوسری ٹویٹ میں وزیراعظم نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (بڑے پیمانے پر پیداواری شعبے) کے حوالے سے بھی اچھی خبر بتاتے ہوئے کہا کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں دہرے ہندسے کی نمو دیکھنے میں آئی ہے، دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 11.4 فیصد اضافہ ہوا، اس طرح جولائی 2020 سے دسمبر تک لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے، صنعتی شعبے میں بھی خوش خبری مستحکم نمو کی عکاس ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اپنے اعلامیے میں بتایا کہ جنوری 2021 کے دوران بیرون ملک سے ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے قریب رہیں جو جنوری 2020 کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔ تاہم گزشتہ ماہ (دسمبر 2020) میں ترسیلات زر کی مالیت 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کے قریب تھی۔ مجموعی طور پر رواں مالی سال جولائی تا جنوری کے دوران ترسیلات زر کا حجم 16 ارب 50 کروڑ ڈالر کے قریب ہوگیا ہے۔