وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی
اسلام آباد: تاریخ کی سب سے بڑی ساڑھے 4 کروڑ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
شیخ محمد فرید نامی جیولرز کی جانب سے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج کرائے گئے مقدمے میں کہا گیا کہ تین افراد جیولری دیکھنے کے بہانے دکان پر آئے اور کافی دیر تک جیولری پسند کرنے کے بعد ایک دم مجھ پر پستول تان لی۔
جیولری شاپ کے مالک کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا کہ چور دکان سے 350 سے 400 تولے سونا اور 40 لاکھ روپے نقد لے کر فرار ہوگئے۔
سائل نے بتایا کہ ڈکیتوں نے مجھے اور میرے ملازم فہیم کو ریسٹ روم میں بند کیا اور فرار ہوگئے۔
جیولر محمد فرید کا کہنا تھا کہ ایک چور کی عمر 25 سے 30 سال، دوسرے کی 35 سے 40 اور تیسرے کی 45 سال کے درمیان تھی، سامنے آنے پر ملزمان کو شناخت کرسکتا ہوں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سپر مارکیٹ میں جیولر کی دکان پر ہونے والی ڈکیتی کے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور معاملے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جائے گی۔