حکومت کا پاکستان بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان
اسلام آباد: مرکزی حکومت نے 15 ستمبر سے پاکستان بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورت حال میں تعلیم کا بڑا نقصان ہوا، ہم نے جو اجلاس کیے ان میں اسکول کھولنے سمیت متعدد امور زیرغور آئے، ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگست کے پہلے اور پھر تیسرے ہفتے فیصلے پر نظرثانی کریں گے، ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صحت کے انڈیکیٹرز کو مدنظر رکھا جائے گا، معاملات ٹھیک ہوجاتے ہیں تو پھر 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دیں گے۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پرعمل درآمد کا خاص خیال رکھنا ہوگا، مختلف تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر پہلے کھولنے کی اجازت دی جائے گی، تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ٹریننگ ہوگی۔ یونیورسٹیوں میں بھی تجویز ہے کہ عید سے پہلے یا بعد پی ایچ ڈی طلبہ کو محدود تعداد میں بلالیں، پی ایچ ڈی طلبہ کو کیسے اور کب بلانا ہے اس کا فیصلہ یونیورسٹی کرے گی۔ جولائی کے دوسرے ہفتے سے فنی تعلیم کے امتحانات لینے کی اجازت ہوگی، مدارس کو بھی امتحانات کی اجازت ہوگی۔