تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز!
کراچی: پاکستان بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے سبب 26 نومبر سے بند تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کا مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع ہوگیا، جس کے تحت نویں سے بارہویں جماعت کے لیے تدریسی عمل شروع ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں ملک بھر میں قریباً 2 ماہ تک تعلیمی ادارے بند رہنے کے بعد نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی سلسلہ آج سے بحال ہوگیا۔ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے، جس پر سختی سے عمل کروایا جارہا ہے۔ طلبہ کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسرے مرحلے میں پہلی سے آٹھویں کلاسز کے طلبہ یکم فروری کو اسکول جائیں گے جب کہ یونیورسٹیاں بھی یکم فروری سے کھولی جائیں گی۔
خیال رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کی رو سے 26 نومبر سے 24 دسمبر اور پھر 11 سے 18 جنوری تک آن لائن کلاسوں کے ذریعے تعلیم دی جارہی تھی جب کہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات دی گئی تھیں۔