طلاق نہیں ہوئی، شوہر کیساتھ خوشگوار زندگی گُزار رہی ہوں، صنم

کراچی: پچھلے چند روز سے سوشل میڈیا پر صنم جنگ کی طلاق کی گردش کرتی خبروں پر اداکارہ و میزبان کا وضاحتی بیان سامنے آ گیا ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ و میزبان صنم جنگ نے ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پوسٹ میں اداکارہ صنم جنگ کا کہنا تھا کہ میں صرف یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میری اور قسام کی علیحدگی سے متعلق افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں، یہ افواہ فین کی جانب سے میری انسٹا پوسٹ پر کیے گئے تبصرے سے شروع ہوئی جو مکمل طور پر مضحکہ خیز ہے۔
صنم جنگ کا کہنا ہے کہ میں نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی صفائی یا وضاحت دینے کا ارادہ نہیں کیا تھا لیکن قسام اور میرے اہل خانہ کے پاس قریباً روز ہی اس مسئلے سے متعلق فون کالز آرہی ہیں۔
صنم جنگ کے مطابق ’قسام اور میں خوشگوار ازدواجی زندگی گُزار رہے ہیں اور اگلے ہفتے ہم اپنی شادی کی چھٹی سالگرہ منانے والے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ میں واقعی شکر گزار رہوں گی اگر لوگ ان غلط افواہوں کو پوسٹ کرنا بند کردیں۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللّہ، ہماری ایک خوش گوار فیملی ہے جہاں ہم خوشی خوشی زندگی بسر کررہے ہیں اور ہم ان شاء اللّہ اپنی باقی زندگی بھی ایک ساتھ گزارنے کے منتظر ہیں۔
صنم جنگ نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ میری آپ سب سے مخلصانہ گزارش ہے کہ ایسی افواہوں کو پھیلانے اور حقیقت سے آگاہی کے بغیر سچائی کا دعویٰ نہ کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ کسی کے اہل خانہ پر بہت سنگین الزام ہے اور ہم سب اس احمقانہ افواہ کی وجہ سے بہت پریشان ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ براہ کرم ہمارے اہل خانہ سے کچھ ہمدردی رکھیں کیونکہ ہم بھی آپ جیسے ہی لوگ ہیں۔
واضح رہے کہ سال نو کے آغاز سے ہی صنم جنگ کی طلاق سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔