ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: وسیم اکرم کی سیمی فائنلسٹ ٹیمیں کون سی ہیں؟

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے اپنی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے نام بتادیے۔
ٹوئٹر پر میزبان فخر عالم نے وسیم اکرم سے چٹ چیٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے وسیم اکرم سے سوال کیا کہ کیا پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز سے آپ خوش ہیں؟
وسیم اکرم کا جواب میں کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز کے نتائج سے کوئی خوش نہیں کیوں کہ 4 میں سے 2 میچ ہوئے نہیں اور یوں لگ رہا تھا جیسے جو میچ ملے ہار جاؤ، لیکن اب امید ہے کہ یہ ٹیم ورلڈکپ میں جاکر بہتر پرفارمنس دے گی، جب بھی ٹیم کوئی ورلڈکپ جیسے ایونٹ میں جاتی ہے تو انہیں پتا ہوتا ہے کہ ان کے پہلے 11 پلیئر کون سے ہیں، اس کے بعد انہیں پچز اور کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے کمبی نیشن کو سمجھنا ہوتا ہے۔
سابق کپتان نے گروپ میں موجود ٹیموں کے متعلق کہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے خطرہ تو آئرلینڈ بھی ہوسکتی ہے کیوں کہ یہ ٹی ٹوئنٹی گیم ہے، ایک اچھا اسپیل بھی گیم کا پانسہ پلٹ سکتا ہے، امریکا کی ٹیم بھی ایک اچھی ٹیم ہے وہ اس سے قبل بھی 194رنز کا ہدف 17 اوورز اور 4 گیندوں میں پورا کرچکی ہے، لہٰذا پاکستان کو آج امریکا کو 190 سے زیادہ کا ہدف دینا ہوگا۔
4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے سوال پر وسیم اکرم نے کہا کہ میری فیورٹ ٹیم آسٹریلیا ہے، اس کے بعد بھارت، پاکستان اور ویسٹ انڈیز ہے جب کہ جنوبی افریقا اور سری لنکا بھی اچھی ٹیمیں ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔