ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ سے کپتان بابراعظم کیوں مطمئن نہیں؟
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب کی گئی قومی ٹیم سے مطمئن نہیں جب کہ ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہونے والے مصباح الحق نے بھی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی تشکیل میں مشاورت نہ کرنے پر پی سی بی سے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے انتخاب سے خوش نہیں، کپتان کو اعظم خان اور صہیب مقصود کی ٹیم میں شمولیت پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے مشاورت کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرلیا جب کہ بابر اعظم فہیم اشرف اور فخر زمان کو اسکواڈ میں شامل کرنے کے حامی تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے بابر اعظم نے رمیز راجہ کو دو مرتبہ فون کیا، رمیز راجہ نے کپتان کی بات ضرور سنی لیکن انہیں پیغام دیا گیا کہ زیادہ فوکس کھیل پر رکھیں، کھلاڑیوں کو ان آؤٹ کروانے پر توجہ کم کریں۔