قابض بھارتی فوجی سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے
اسلام آباد: گزشتہ روز وفات پانے والے بزرگ کشمیری حریت رہنما کے اہل خانہ کو بھارتی فورسز نے ہراساں کیا اور سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی جانب سے سید علی گیلانی کا جسد خاکی قبضے میں لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے ان کی موت کے بعد بھی خوف زدہ ہے، سید علی گیلانی کے ساتھ ان کی موت کے بعد بھی غیر انسانی رویہ روا رکھا جارہا ہے، یہ رویہ بھارتی قابض فورسز کے غیظ و غضب ظلم اور بربریت کا غماز ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بہادر رہنما سید علی گیلانی کی تدفین کی تیاری کی جارہی تھی کہ بھارتی قابض فوج نے سری نگر میں سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپا مارا، قابض فورسز نے سید علی گیلانی کے خاندان کو ہراساں کیا اور سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین کر لے گئے اور نماز فجر سے قبل سری نگر کی حیدرپورہ جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کردیا جب کہ خاندان کے مطابق سید علی گیلانی کو سری نگر کے شہدا قبرستان میں سپردخاک کیا جانا تھا۔
پاکستان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام سول اور انسانی اقدار کو پامال کر رکھا ہے، عالمی برادری غیر انسانی رویے پر بھارت کا احتساب کرے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے اس ناروا رویے کا سخت نوٹس لے۔