سپریم کورٹ کا آج دوپہر تک کراچی میں نسلہ ٹاور گرانے کا حکم
کراچی: سپریم کورٹ نے آج دوپہر تک شہر میں نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور کیس کی سماعت کی۔
کمشنر کراچی عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے تاحال عمارت نہ گرائے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ اب تک کتنی عمارت گرائی، بتائیں؟، عہدہ چھوڑ دیں، آپ کے کرنے کا کام نہیں، آپ کو یہاں سے سیدھا جیل بھیجیں گے۔
کمشنر کراچی نے عدالت سے معافی مانگی۔ جس پر چیف جسٹس نے کمشنر کو حکم دیا کہ یہاں سے فوری جائیں، نسلہ ٹاور گرائیں، دوپہر کو رپورٹ دیں، نسلہ ٹاور کے ساتھ تجوری ہائٹس کی بھی رپورٹ ساتھ لائیں۔
کمشنر کراچی محمد اقبال میمن دیگر افسران کے ہمراہ عدالت سے سیدھا نسلہ ٹاور پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاور کو اندر سے توڑنے کا کام جاری ہے اور باہر سے آج شام شروع کردیا جائے گا، نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے مزدور اور مشین لگا کر توڑا جائے گا، بہت جلد ٹاور گرایا جائے گا۔
شیئر