حکمراں جماعت کے بیرسٹر سلطان محمود صدر آزاد کشمیر منتخب

مظفر آباد: حکمراں جماعت کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے، انہوں نے 34 ووٹ حاصل کیے۔ موجودہ صدر مسعود خان 24 اگست کو اپنی پانچ سالہ صدارتی مدت پوری کریں گے، جس کے بعد سلطان محمود حلف اٹھائیں گے۔
مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے اگلے پانچ سال کے لیے صدر کو منتخب کرلیا۔ پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کی پوزیشن پہلے ہی مضبوط تھی، ان کو مسلم کانفرنس کے سردار عتیق اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے حسن ابراہیم کی بھی حمایت حاصل تھی۔
قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 32، پاکستان پیپلز پارٹی کے 11، مسلم لیگ نواز کے 7، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کا ایک ایک ووٹ تھا۔ بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہیں اب صدر بننے پر اسمبلی سیٹ چھوڑنی ہوگی۔
خیال رہے بیرسٹر سلطان محمود 2015 سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر ہیں۔ بیرسٹر سلطان 1985 سے نویں بار رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ ماضی میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔