سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عمران منیار مستعفی

کراچی: کمپنی کے ایم ڈی عمران منیار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جو بورڈ نے بغیر کسی تردد کے فوری منظور کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی اس وقت خسارے سے دوچار ہے، پچھلے سہ ماہی فنانشل رزلٹ (مالیاتی نتائج) کے مطابق کمپنی نے 19.70 فی شیئر خسارے کا سامنا کیا ہے اور کمپنی شیئر کی قیمت تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
کمپنی کے حکّام کا کہنا ہے کہ نئے ایم ڈی کی تقرری کا عمل جاری ہے۔ اس ضمن میں کمپنی میں اخبارات میں نئے ایم ڈی کے عہدے کے لیے اشتہار شائع کرایا، جس کے لیے کئی لوگوں نے درخواست جمع کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق جب عمران منیار نے ایم ڈی کی حیثیت سے گیس کمپنی کو جوائن کیا تھا تو شیئر کی قیمت قریباً 15 روپے تھی اور اس وقت جب انہوں نے یہ عہدہ چھوڑا ہے تو شیئر کی قیمت قریباً ساڑھے 8 روپے کی انتہائی گراوٹ کی سطح پر پہنچی ہوئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران منیار کے دور میں شیئر ہولڈرز کو کوئی بھی ڈویڈنڈ (منافع) نہیں دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آج کے روز تک پچھلے نتائج کے مطابق گیس کمپنی 19.70 روپے فی شیئر نقصان سے دوچار ہے۔
عمران منیار بہ حیثیت ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی سے فروری 2021 میں منسلک ہوئے تھے۔ رواں سال کے فروری میں نئے ایم ڈی کو تعینات کرنے کے بجائے بورڈ نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے انہیں ایکسٹینشن دے دی تھی۔
ذرائع اس بات کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں کہ ایم ڈی عمران منیار نے ایکسٹینشن کے دوران اگلی مدت کے لیے اخبار میں دیے گئے اشتہار کے بعد اپلائی کیا تھا یا نہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔