کراچی یونیورسٹی کے طلبہ چھوٹا سا ری چارجیبل نیبولائزر بنانے میں کامیاب

کراچی: کراچی یونیورسٹی کے طلبہ نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دنیا کا سب سے چھوٹا ری چارجیبل نیبولائزر متعارف کروادیا جو آفس یا دوران سفر آرام سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جامعہ کراچی میں فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز فیکلٹی میں فائنل ایئر کے طلبہ نے ایک ایسا پاکٹ فرینڈلی نیبولائزر بنایا ہے جو آفس یا دوران سفر آرام سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسے تیار کرنے والے طلبہ کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے چھوٹا نیبولائزر ہے، یہ نیبولائزر 35 منٹ تک مسلسل استعمال کیا جاسکتا ہے جب کہ مریض ایک مرتبہ چارج کرکے دو دن کی دوائی باآسانی حاصل کرسکتا ہے۔
فارمیسی کے فائنل ایئر کے طلبہ نے جامعہ کراچی میں نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا، کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے سانس میں رکاوٹ کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں، نیبولائزیشن سے سانس کی تھراپی ہوتی ہے جو دوائوں کو بخارات بنانے اور انہیں براہ راست سانس کی نالی میں پہنچانے کا کام کرتا ہے۔
طلبہ کے مطابق یہ نیبولائزر خصوصی طور پر سانس کی بیماری اور سینے کے انفیکشن کے شکار افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے کہ سانس کی نالیوں میں سوزش سے دمے کا مرض لاحق ہوجاتا ہے، اس میں مریض کو افاقہ ملے۔

طلبہ کا اپنا ڈیزائن کردہ نیبولائزر بغیر تار کا ہے، جسے مائیکرو یو ایس بی ٹائپ سی سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے۔ یہ واحد نیبولائزر ہے جو ساؤنڈ پروف ہے اور اسے کہیں بھی استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوگی۔
پروجیکٹ گروپ لیڈر عبدالرحمان صدیقی نے بتایا کہ یہ نیبولائزر چھوٹے بچوں اور معمر افراد کے لیے انمول ہے، مارکیٹ میں 8 یا 10 ہزار روپے کے نیبولائزر دستیاب ہوتے ہیں جو وزن میں بھاری بھر کم اور آواز والے ہیں جسے صرف بجلی پر ہی استعمال کیا جاسکتا ہے مگر ہم نے ایک منفرد نیبولائزر تیار کیا ہے کہ جس کی لاگت دو ہزار روپے سے بھی کم ہے، سب سے حیرت انگیز بات کہ ماحول دوست ہے بائیو پلاسٹک سے بنا ہے۔
عبدالرحمان صدیقی سمیت طحٰہ اسحاق، سید ولی الدین، سیدہ عریشہ، زوہیب سلمان، ماہم زیدی، پریان خان اور طوبیٰ سلیم نے مل کر معاشرے کی بھلائی اور صحت کے مسائل حل کرنے کے لیے نیبولائزر متعارف کروایا ہے، ان کا مشترکہ طور پر کہنا تھا اگر ادارے اور حکومت تعاون کریں تو سائنسی زندگی میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔