آسٹریلیا کو شکست، جنوبی افریقا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی

لندن: آسٹریلیا کو شکست دے کر جنوبی افریقا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی۔ یہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کا سب سے بڑا ٹائٹل ہے، جو اُس نے اپنے نام کیا، اس سے قبل انہیں کئی بڑے ایونٹس کے سیمی فائنلز اور فائنلز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑتا تھا اور اس بناء پر انہیں چُوکرز کے لقب سے پکارا جاتا تھا۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
لارڈز کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز اننگز کا آغاز ہوا تو افریقی کپتان ٹمبا باوما محض ایک رنز کے اضافے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 66 رنز کی اننگز کھیلی، بعدازاں ٹرسٹن اسٹبس بھی 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 35 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم مارکرم 136 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ بیڈنگھم 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے آج گرنے والی تینوں وکٹیں حاصل کیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز کیساتھ اننگز کا آغاز کیا، تاہم دن کے آغاز پر نتھین لائن کی پہلی وکٹ گری، جو محض 2 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے۔
جوش ہیزل ووڈ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ مچل اسٹارک 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کینگروز نے جنوبی افریقا کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو رباڈا اور ایڈن مارکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا پہلی اننگز میں 212 پر آئوٹ ہوا، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم محض 138 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 207 رنز بناکر جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا، جو اُس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں شاندار سنچری بنانے پر ایڈن مارکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔