اسموگ میں اضافہ، لاہور میں ہفتے میں 3 دن اسکول بند رہیں گے
لاہور: پنجاب میں اسموگ میں اضافے کے بعد صوبائی حکومت نے لاہور میں ہفتے میں تین دن اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب حکومت نے لاہور کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہر ہفتے تین چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے، لاہور میں ہفتہ، اتوار اور پیر کو اسکول بند رہیں گے۔
اسکول کی بندش کا پنجاب حکومت کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، 27 نومبر سے 15 جنوری تک نوٹیفکیشن پر عمل درآمد رہے گا۔
خیال رہے کہ لاہور آج کل فضائی آلودگی کے باعث شدید اسموگ کی زد میں آیا ہوا ہے۔ اسموگ کے باعث شہری بڑی تعداد میں بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ لاہور کو دنیا بھر میں اسموگ کے حوالے سے آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا۔ شہر میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 397 تک پہنچ گیا۔