گلوکارہ قرۃ العین بلوچ پر ریچھ کا حملہ، ہاتھ زخمی

اسکردو: معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں کیمپنگ کے دوران جنگلی ریچھ کے حملے کا نشانہ بن گئیں، جس کے باعث وہ زخمی ہوگئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہورہی تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ریچھ اچانک کیمپنگ ایریا کے قریب نمودار ہوا اور گلوکارہ پر جھپٹ پڑا۔ حملے کے دوران ریچھ نے اپنے نوکیلے ناخنوں سے قرۃ العین بلوچ کے دونوں بازو زخمی کردیے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں ریجنل اسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق، گلوکارہ کو بازوؤں پر گہرے زخم آئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جان لیوا یا اندرونی چوٹ نہیں آئی۔ ابتدائی علاج کے بعد ان کی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھوں کی موجودگی عام ہے اور سیاحوں کو حفاظتی اقدامات اپنانے کی سخت ہدایت کی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد محکمۂ جنگلی حیات نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔
قرۃ العین بلوچ کی صحت یابی کی خبر کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد نے سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔