دل کے دوروں کے باعث بیٹی چلنے پھرنے سے معذور ہوگئی، گلوکارہ عینی خالد

لندن: گلوکارہ عینی خالد نے بیٹی کی زندگی اور موت کی کشمکش کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی گلوکارہ عینی خالد نے اپنی سات سالہ بیٹی عائشہ کی صحت سے متعلق دل دہلا دینے والی تفصیلات انسٹاگرام پر شیئرز کیں جو سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی 7 سالہ بیٹی عائشہ، جو مکمل طور پر صحت مند تھی، 23 جنوری 2024 کو 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں دو کارڈیک اریسٹ کا شکار ہوگئی۔
عینی نے لکھا کہ عائشہ کے دل کی دھڑکن بے ترتیب ہوگئی تھی اور آکسیجن کی شدید کمی کے باعث اس کے اعضا کام کرنا چھوڑنے لگے۔ 45 منٹ تک آکسیجن کی کمی نے اس کی حالت انتہائی نازک بنادی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے اسے وینٹی لیٹر، دل و پھیپھڑوں کی مشین اور ڈائیلاسز پر منتقل کیا، جو ان کے لیے زندگی کا سب سے تکلیف دہ وقت تھا۔
عینی نے اپنی بیٹی عائشہ کو بے ہوش اور مشینوں میں جکڑا دیکھنے کے لمحات کو نہایت تکلیف دہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق عائشہ کو دماغی چوٹ لگی تھی، وہ چلنے پھرنے سے معذور ہوگئی اور Peripheral Neuropathy کا شکار ہوچکی تھی۔
عینی خالد نے بتایا کہ انہوں نے خدا سے امید کا دامن نہیں چھوڑا۔ انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا، جب دوا نے جواب دے دیا تو اللہ کی رحمت نے سنبھالا۔ عینی نے اپنی بیٹی کی زندگی کو اللہ کا معجزہ قرار دیا اور کہا کہ ان شاء اللہ وہ ایک دن دوبارہ چلے گی۔
عینی خان نے تمام مداحوں اور صارفین سے عائشہ کی صحت کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔ سوشل میڈیا پر گلوکارہ کی یہ پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس پر ساتھی فنکاروں سمیت مداحوں اور صارفین کی جانب سے عینی کی بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔