گلوکار عدنان سمیع کی والدہ انتقال کرگئیں
کراچی: گلوکار عدنان سمیع خان کی والدہ بیگم نورین سمیع خان 77 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
گلوکار عدنان سمیع نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ میں انتہائی دکھ کے ساتھ اپنی پیاری والدہ بیگم نورین سمیع خان کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم گہرے غم اور صدمے سے دوچار ہیں، وہ ایک شاندار شخصیت کی مالک خاتون تھیں، جنہوں نے ہر اس شخص کو محبت اور خوشی دی جن سے ان کا رابطہ ہوا۔ ہم ان کی بہت زیادہ کمی محسوس کریں گے، براہ کرم ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا فرمائیں۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعون۔
عدنان سمیع نے دعا کی کہ اللہ پاک ہماری پیاری ماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے آمین۔
عدنان سمیع نے سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کی تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کی تاریخ پیدائش 1947 درج ہے۔
خیال رہے کہ گلوکار عدنان سمیع نے 2015 میں بھارتی شہریت حاصل کرلی تھی، وہ شہریت حاصل کرنے سے پہلے بھی کئی سال تک کام کے سلسلے میں بھارت میں ہی مقیم رہے تھے۔
عدنان سمیع کے صاحبزادے گلوکار و اداکار اذان سمیع خان اس وقت پاکستان شوبز کا اہم ستارہ ہیں، وہ ناصرف کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں بلکہ موسیقی کی دُنیا میں بھی بڑا نام کمانے میں مصروف ہیں۔