سندھ: SELECT منصوبے کے تحت 162 جدید اسکولوں کی تعمیر مکمل
کراچی: سندھ حکومت کے اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نے SELECT منصوبے کے تحت جدید اور خوبصورت ڈیزائن والے اسکولوں کی تعمیر مکمل کر لی ہے، جو سندھ بھر میں معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
محکمہ کے مطابق مجموعی طور پر 5 اضلاع میں 162 نئے اسکول قائم کیے گئے ہیں، جن سے ہزاروں بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
میرپورخاص ضلع میں ڈگری، جھڈو، شجاع آباد، حسین بخش مری اور سندھڑی سمیت مختلف علاقوں میں 42 اسکولوں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔
اسی طرح ٹھٹھہ ضلع میں 38 نئے اسکول تعمیر کیے گئے ہیں جن میں گھارو، کیٹی بندر، ٹھٹھہ اور میرپور ساکرو کے علاقے شامل ہیں۔
بدین ضلع میں 30 نئے اسکول قائم کیے گئے ہیں، جن میں 10 ٹنڈو باگو، 4 ٹالہار، 4 ماتلی، 4 گولارچی اور 7 بدین تحصیل میں شامل ہیں۔
سانگھڑ ضلع میں مجموعی طور پر 31 اسکول مکمل کیے گئے ہیں جن میں ٹنڈو آدم، سنجھورو، سانگھڑ، جام نواز علی اور کھپرو کے علاقے شامل ہیں۔
اسی طرح ٹنڈو محمد خان ضلع میں 21 نئے اسکول تعمیر کیے گئے ہیں جن میں بلڑی شاہ کریم، ٹنڈو غلام حیدر اور ٹنڈو محمد خان شامل ہیں۔
محکمہ کے حکام کے مطابق یہ نئے اسکول جدید سہولتوں اور بہتر تعلیمی ماحول سے آراستہ ہیں، جو معیاری تعلیم کے فروغ اور ہزاروں طلبہ کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔