حکومت کا 4 سو ارب کے منصوبے شروع کرنے کا بڑا اعلان!
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں سال کی آخری سہ ماہی میں تعمیرات سے متعلقہ چار سو ارب روپے کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا، جس میں جاری منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومتی تاریخی منصوبہ ہاؤسنگ کے شعبے کو بدل دے گا۔ موثر پالیسیوں سے بہترین سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ ایک میکنزم کے ذریعے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔
شبلی فراز نے کہا کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں تعمیرات سے متعلقہ چار سو ارب روپے کے منصوبے شروع کءے جائیں گے۔ 145 ارب روپے لاگت سے گھروں اور اپارٹمنٹس کی تعمیر پر مبنی منصوبہ 20 اکتوبر کو شروع کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معیشت کی بحالی اور معاشرے کے پس ماندہ طبقوں کا اپنے گھروں کا خواب پورا کرنے کے پیش نظر تعمیرات کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے آج ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ملک کے ممتاز سرمایہ کاروں اور بلڈرز نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خاطر راغب کرنے کے لیے تعمیراتی منصوبوں کے واسطے بین الاقوامی روڈ شوز سے انعقاد سمیت اس شعبے کی ترقی کے حوالے سے متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا بجٹ 144 ارب سے بڑھاکر 203 ارب کردیا ہے۔