شیر افضل مروت کا پی ٹی آئی سے اختلافات کے خاتمے کا اعلان
راولپنڈی: اپنے بیانات کے باعث اکثر پارٹی رہنمائوں کی ناراضی کا باعث بننے والے شیر افضل مروت نے پارٹی سے اختلافات کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی سے اختلافات ختم ہونے کا اعلان اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج 3 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، میں نے ہاتھ ملایا اور بانی پی ٹی آئی نے گلے لگایا، دو طرفہ گلے شکوؤں کا تبادلہ ہوا۔
شیر افضل مروت نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر کے سامنے 22 اگست کے جلسے سے متعلق ذمے داری سونپی گئی ہے، بیرسٹر گوہر نے واضح پیغام دیا ہے کہ پارٹی اختلافات نہیں ہوں گے، آج ہم شیر و شکر ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی سے اختلافات بانی پی ٹی آئی کے کہنے پرختم کررہا ہوں، ان کی یقین دہانی پر سب معاملہ ختم ہوگیا، مجھے صرف بانی پی ٹی آئی ہی نکال سکتے ہیں، پارٹی رہنماؤں سے متعلق دیے گئے ریمارکس پر معذرت خواہ ہوں۔