منی لانڈرنگ کیس: وزیراعظم اور حمزہ شہباز فرد جرم کیلئے عدالت طلب
لاہور: ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں ہوئی، جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔
حمزہ شہباز کے وکیل نے دورانِ سماعت ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کل شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری میٹنگز میں مصروف تھے، گزشتہ رات وہ اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے تیار تھے لیکن موسم کی خرابی پر انہیں سفر سے منع کیا گیا۔
ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ انہیں شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے عدالت میں پیش ہونا چھوڑ دیا ہے جب کہ ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرادیا ہے، ملزم کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ایف آئی اے نے دورانِ سماعت اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ پیش کیا۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا اور سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔