بھارت ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلیے پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے، شیخ رشید
راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جارہے ہیں، وزیراعظم میرپور، راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے، امید ہے آزاد کشمیر میں بہت سے مخالف امیدوار کاغذات واپس لے لیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ملکی سالمیت کی سیاست ہونے جارہی ہے، اپوزیشن اور حکومت مل کر نئی راہ پر چلنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے کہہ رہا تھا ن سے ش نکلے گی، شہباز شریف اور مریم نواز بہت دور جاچکے، ایک شمال دوسرا جنوب ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کی سیاست مختلف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دعا ہے افغانستان میں خانہ جنگی کی صورت حال پیدا نہ ہو، افغانستان میں امن کا مطلب ہے پاکستان میں بھی امن، پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کیا، وزیراعظم نے کہا ہم امن کے لیے امریکا کے ساتھ ہیں، دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ایک کروڑ تک ہوسکتے ہیں، مستقبل میں ملکی سالمیت کی سیاست ہونے جارہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ گزشتہ 20 سال سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں، افغانستان اور ایران کی سرحد کے ساتھ باڑ کا کام جلد مکمل ہوجائے گا، مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملے میں پاکستان کا کوئی عمل دخل نہیں، بھارت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے۔