شاہین کی طوفانی بولنگ سے کئی ریکارڈزچکنا چور
کراچی: شاہین شاہ آفریدی کی طوفانی بولنگ سے کئی ریکارڈز چکنا چور ہوگئے۔
نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عمدہ بولنگ سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا، اس کے ساتھ انھوں نے کئی اہم ریکارڈز بھی بنا دیے، وہ پاکستان کے دوسرے لیفٹ آرم فاسٹ بولر ہیں جنھوں نے ایک ٹیسٹ میں 10 یا زائد وکٹیں لیں۔ ان سے یہ قبل یہ کارنامہ وسیم اکرم 5 مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولر نے حالیہ سیریز میں 18 وکٹیں لیں، یہ کسی بھی پاکستانی فاسٹ بولر کے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سب سے زیادہ شکار ہیں۔ ان سے قبل محمد عباس 2018 میں آسٹریلیا اور محمد آصف 2006 میں سری لنکا کے خلاف 2 میچز کی سیریز میں 17، 17کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی سے قبل ویسٹ انڈیز میں ایک ٹیسٹ کے دوران 10 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سینٹ جونز میں مئی 2000 میں 110 رنز کے عوص 11 پلیئرز کو پویلین بھیجا تھا، شاہین رواں برس سب سے زیادہ37 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر بھی ہیں۔
دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 8 مرتبہ ٹیموں نے پہلی اننگز میں 2 یا اس سے کم رنز کے دوران 3 وکٹیں گنوائی ہیں، مگر ان میں سے صرف 2 مرتبہ کسی کو فتح نصیب ہوئی، دونوں بار یہ اعزاز پاکستان کو ہی حاصل ہوا۔
حالیہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ابتدائی 3 وکٹیں صرف 2 رنز کے دوران گر گئی تھیں،اس سے قبل بھارت سے 2006 کے کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے بغیر کھاتہ کھولے 3 وکٹیں گنوانے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے 341 رنز سے کامیابی پائی تھی