شہباز، سہیل ملاقات: امن کیلئے وفاق و کے پی کا تعاون ناگزیر ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کا تعاون ناگزیر قرار دیا۔
وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی شہباز شریف سے ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی، ملاقات میں مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ کے پی کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انسداد دہشت گردی کے لیے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھا صوبائی حکومت بااختیار ہے، کے پی حکومت قیام امن اور عوامی فلاح کے لیے اپنی آئینی ذمے داری نبھائے، عوام کی صحت و تعلیم کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کے عوام کی خوش حالی کے لیے وفاقی حکومت بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، مشاورت اور اشتراک سے قومی یکجہتی اور خوش حالی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔