منی لانڈرنگ ریفرنس، شہباز شریف پر فرد جرم عائد
لاہور: منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
شہباز شریف کو عدالت میں پیش کیے جانے کے دوران لیگی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
پولیس نے کارکنوں کو شہباز شریف کی گاڑی کے آگے سے ہٹادیا جب کہ حمزہ شہباز کو بھی بکتربند میں عدالت پہنچایا گیا۔
حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑی میں جیل لائے جانے پر خواجہ آصف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ظلم و ستم کررہی ہے، لیکن کب تک یہ ظلم و ستم کرتی رہے گی، ظلم کی رات ختم ہونے والی ہے۔
شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اُن پر جھوٹے الزامات عائد کیے گئے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، نیب کے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔
فرد جرم عائد کیے جانے کے موقع پر شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان پر جس جس کیس میں فرد جرم عائد کی گئی وہ تمام بے بنیاد ہیں۔
عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے بعد سماعت 26 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے 3 گواہان کو طلب کرلیا۔