منی لانڈرنگ کیس، شہباز کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع
لاہور: منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔
(ن) لیگ کے صدر شہباز شریف نے مؤقف پیش کیا کہ نیب میں پیش ہوا تو مجھے کہا گیا کہ تفتیش مکمل ہوگئی ہے، میں خود پاکستان آیا ہوں، کینسر کا مریض ہوں، مجھے علاج کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے، نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ صرف ایون فیلڈ والے کیس کو ہی نہ دیکھیں یہ بھی کیس ہے، آپ ہر دفعہ تین ہفتوں کی درخواست دے دیتے ہیں۔
شہباز شریف نے جواب دیا کہ عدالت دو ہفتوں بعد کی کوئی تاریخ دے دے۔ عدالت نے شہباز شریف کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ نے کہا کہ تاریخ دیں تو وہ دے دی ہے، پہلے بھی متعدد بار التوا کی درخواست منظور کرچکے ہیں، زیادہ لمبی تاریخ نہیں دے سکتے، عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کردی۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتاری کے خدشے پر عدالت سے رجوع کیا ہے، چیئرمین نیب کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں۔