پی ٹی آئی رہنما شہباز گل فٹ قرار، اسپتال سے ڈسچارج
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق پمز اسپتال انتظامیہ نے شہباز گل کا چیک اپ اور میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شہباز گل دوبارہ سینے میں درد کی تکلیف کی شکایت کررہے ہیں۔
پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور انہیں سانس کا مسئلہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کا دوبارہ میڈیکل کا حکم دیا تھا۔