صدر زرعی ترقیاتی بینک تعیناتی کیس، شہباز اور ڈار ملزمان میں شامل!
اسلام آباد: صدر زرعی ترقیاتی بینک طلعت محمود تقرری کیس میں نیب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، اسحاق ڈار اور ڈاکٹر وقار مسعود کے نام ملزمان کی فہرست میں شامل کردیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈاراور سابق سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں اور نیب نے شہباز شریف، اسحاق ڈار اور ڈاکٹر وقار مسعود کے نام ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیے ہیں، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ عبدالکبر شریف زادہ بھی لسٹ میں شامل ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق تمام افراد صدر زرعی ترقیاتی بینک کی تقرری کمیٹی میں شامل تھے، طلعت محمود کی تقرری میں بینک نیشنل ازم ایکٹ 1974 کی خلاف ورزی کی گئی جب کہ طلعت محمود پر 2500 ملازمین غیر قانونی بھرتی کرنے کا بھی الزام ہے۔ طلعت محمود اور ڈائریکٹر ایچ آر رانا مجاہد نے بھرتیوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا، ڈائریکٹر رانا مجاہد بھرتی ریکارڈ دینے میں رکاوٹ بنتے رہے، اس کیس میں بھی اسحاق ڈار کو دو مرتبہ طلب کیا جاچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی نے وزارت خزانہ سے تمام ریکارڈ حاصل کرلیا ہے جب کہ کیس انکوائری سے انویسٹی گیشن کے مرحلے میں منتقل کردیا گیا ہے۔