بہتر قانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں، وزیر خارجہ
اسلام آباد: وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک میں بہتر قانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں جب کہ قانون سازی ایک مسلمہ عمل ہے، بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے جب کہ اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے، ہمارے اور اپوزیشن کے نقطہ نظر کے درمیان فرق کو مل بیٹھ کر طے کرنے اور بہتر قانون سازی کے لیے 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل پاچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس ہوچکا جب کہ دوسرا بھی عنقریب ہوگا، ہم نے ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکیورٹی اور نیب سے متعلقہ مسودے اپنے اپوزیشن کے دوستوں کو بھجوا دیے ہیں، توقع ہے کہ اپوزیشن کے احباب فراخ دلی کے ساتھ ان مسودوں کو دیکھیں گے اور پھر ہم مل بیٹھ کر اس پر گفت و شنید کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس ملک میں بہتر قانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں، ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے، کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں ہے، لیکن وہ لوگ جنہوں نے اس ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لہٰذا ہماری کوشش یہی ہے کہ ایک ایسا قانون ہونا چاہیے جو ان دونوں پیمانوں پر پورا اترتا ہو۔