پاکستان کیخلاف سیریز، انگلینڈ نے آئی پی ایل سے اپنے اہم کھلاڑی واپس بلالیے
لندن: ورلڈکپ سے قبل پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے انگلینڈ نے اپنے اہم کھلاڑی آئی پی ایل سے واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا اور کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو چھوڑ کر وطن روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
آئی پی ایل کو ادھورا چھوڑ کر انگلش کھلاڑیوں کی وطن واپسی پر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
انگلینڈ کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی ول جیک اور ریس ٹوپلی آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کے خلاف میچ جیتنے کے بعد واپس روانہ ہوگئے، جوز بٹلر اور فل سالٹ نے بھی روانگی کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
انگلینڈ کے کھلاڑی معین علی، جونی بیراسٹو اور سیمن کیورن بھی اسی ہفتے بھارت سے واپس روانہ ہوجائیں گے، انگلینڈ کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل اسی ہفتے لیڈز میں جمع ہوں گے۔
انگلش کھلاڑیوں کی وطن واپسی پر سابق بھارتی کپتان گواسکر نے آئی پی ایل چھوڑنے والے انگلش کرکٹرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بورڈ کو آئی پی ایل ادھورا چھوڑ کر جانے والے کھلاڑیوں اور ان کے بورڈ پر جرمانے عائد کرنے چاہئیں۔