دوسرا ٹیسٹ: ڈیبیو پر کامران کی سنچری، پاکستان نے 5 وکٹ پر 259 رنز جوڑ لیے
ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر میزبان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 259 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق7، سعود شکیل 4 اور کپتان شان مسعود 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیبیو کرنے والے کامران غلام نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب بھی 77 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 5 وکٹ پر 259 رنز بنالیے ہیں۔ محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز ہے، ہم سب بہت زیادہ پرجوش ہیں، ہمارے پاس اچھے اسپنرز ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں۔
انگلش کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، پہلے ٹیسٹ میں اچھی کامیابی ملی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک کھلاڑی کا ڈیبیو ہوا جب کہ تین اسپنرز شامل کیے گئے۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عامر جمال، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔