روسی خام تیل سے لدا دوسرا جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز
کراچی: روسی خام تیل سے لدا جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوگیا ہے۔
روسی خام تیل سے لدا بحری جہاز کلائیڈ نوبل کراچی پورٹ آگیا ہے اور جہاز بندرگاہ کے ساتھ لنگرانداز ہوچکا ہے۔
جہاز کی برتھنگ پلان فائنل ہوتے ہی اس کو آئل پیئر پر لگایا جائے گا۔
اس سے قبل 11 جون کو پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی بندرگاہ پہنچا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا تھا اور سمندری طوفان سے قبل جہاز کراچی پہنچنے میں کامیاب ہوا۔
اس حوالے سے وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہوجائے گی تو قیمتوں میں فرق آئے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہوجائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا، ہمارا ہدف ہے کہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کرلیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتاسکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔