لادی گینگ کے خلاف سرچ آپریشن، ملزمان کے ٹھکانے تباہ
ڈیرہ غازی خان: لادی گینگ کے خلاف سرچ آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قبائلی علاقے ہفت گٹھ میں گینگ کے مزید ممکنہ ٹھکانوں کو تباہ کرکے آگ لگادی ہے۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق لادی گینگ کے خلاف مسلسل 11 ویں روز بھی کارروائی جاری ہے۔ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر قبائلی علاقے ہفت گٹھ میں کارروائی کی گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ڈرون کیمروں کی مدد سے علاقے کو سرچ کیا اور لادی گینگ کے مزید ممکنہ ٹھکانوں کو مسمار کرکے آگ لگادی۔ جرائم پیشہ عناصر کی سہولت کاری کے الزام میں 1 شخص کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
جن ملزمان کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے وہ قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب ہیں۔
بدھ کو بارڈر ملٹری پولیس نے بتایا تھا کہ سخی سرور کے قبائلی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لادی گینگ کے اہم سہولت کار بلال عرف بلی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری موبائل ڈیٹا اور موبائل لوکیشن ٹریس کرکے عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزم بلال عرف بلی لادی گینگ کو مختلف ناموں سے موبائل سم خرید کردینے اور ان کے زیرِاستعمال فون نمبروں پر بیلنس لوڈ کراتا رہا ہے۔