ڈرائونی فلموں کو صحت کے لیے مفید قرار دے دیا گیا

ایڈنبرا: ڈرائونی فلمیں دیکھ کر اکثر لوگ خاص طور پر خواتین خوف زدہ ہوجاتی ہیں، لیکن ماہرین نے ایسی فلموں کو صحت کے لیے مفید ٹھہراکر سب کو حیران کردیا ہے۔
ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈراؤنی فلمیں صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق ہالی وُڈ فلموں دی ایگزورسسٹ یا دی نن جیسی دیگر ڈراؤنی فلمیں دماغ میں ایسے کیمیا کے اخراج کا سبب بنتی ہیں جو ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
ایڈنبرا کی کوئن مارگریٹ یونیورسٹی کی نیورو سائیکولوجسٹ ڈاکٹر کرسٹن نولیس کے مطابق ڈراؤنی فلمیں انڈورفِنز اور ڈوپیمائن کی پیداوار میں مدد دیتی ہیں جو خوشی کے احساس اور دباؤ سے نجات سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ڈراؤنی فلمیں دیکھنے کی وجہ سے خارج ہونے والے اینڈورفِن درد برداشت کرنے کی صلاحیت میں بہتری لاسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خوف اور تجسس کے ردِعمل میں ہمارا جسم ایڈرینیلن ہارمونز کی پیداوار کو بڑھادیتا ہے جو جسم کے توانائی کے ذرائع کو حرکت دیتے ہیں، اس کے ساتھ دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور توجہ یکسو ہوجاتی ہے، فلم کے اختتام میں جب تناؤ ختم ہوتا ہے تو یہ کیفیت خوشی میں بدل جاتی ہے، مثال کے طور پر اسکائی ڈائیونگ جو خوف ناک ہونے کے ساتھ پُرلطف بھی ہوتی ہے۔
سائیکالوجسٹ کے مطابق اینڈورفنز وہ ہارمون ہوتے ہیں جنہیں جسم ہمیں خوشی محسوس کرنے کے لیے بناتا ہے، دماغ یہ ہارمون کھانے اور ورزش کے دوران بنانے کے ساتھ تکلیف اور دباؤ کے احساس پر بھی بناتا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔