بارہواں کھلاڑی، سابق کپتان کی بے قدری یا کھیل کا حصہ؟ سوشل میڈیا پر ہنگامہ
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ملک کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سرفراز احمد کو مانچسٹر ٹیسٹ میں 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے گراؤنڈ میں بھیجنے پر سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہو گیا۔
اس وقت سوشل میڈیا پر سابق کپتان سرفراز احمد کو گراؤنڈ میں پانی اور جوتے دے کر بھجوانے پر خوب رائے زنی کی جارہی ہے، مداح خاصے برہم نظر آتے ہیں، سوشل میڈیا پر طوفان اٹھ کھڑا ہوا، ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں اس کو بیان کررہا ہے، کسی نے کھیل کا حصہ قرار دیا تو کسی نے کہا کہ سابق کپتان کی بے قدری کی گئی اور سینئر کھلاڑی ہونے کے ناتے انہیں عزت نہیں دی گئی۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق سے بھی اس حوالے سے سوال ہوا۔
آن لائن پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں، میں ٹیم کا کپتان تھا لیکن 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے میں گراؤنڈ میں گیا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ اس میں کوئی شرم نہیں ہونی چاہیے، سرفراز احمد زبردست انسان، لڑکا اور کھلاڑی ہے۔