شادی اس لیے چل رہی کہ شوہر میں صبر بہت ہے، سارہ عمیر

کراچی: بلوری آنکھوں کی حامل اداکارہ سارہ عمیر نے ہدایت کار محسن طلعت سے اپنی محبت اور پھر شادی کی دلچسپ کہانی بیان کرڈالی۔
اداکارہ سارہ عمیر نے مارننگ شو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔
سارہ عمیر نے بتایا کہ انہوں نے 2008 میں پی ٹی وی کے ڈرامے تھوڑا آسمان سے آغاز کیا اور پھر 2014 تک کامیاب ڈراموں کی ایک لمبی فہرست ہے۔
تاہم شادی کے بعد اداکارہ نے سارا وقت اپنی گھریلو ذمے داریوں کو ادا کرنے میں گزارا، حالانکہ انہوں نے ڈراموں کے معروف ہدایت کار محسن طلعت سے شادی کی تھی۔
اپنے شوہر سے پہلی ملاقات، محبت اور شادی سے متعلق بتاتے ہوئے سارہ عمیر نے کہا کہ گو شادی کو 9 سال ہوئے ہیں لیکن ہماری محبت کو 20 سال ہوگئے۔
سارہ عمیر نے بتایا کہ جب میں ڈراموں میں کام لینے کے لیے جگہ جگہ آڈیشن دے رہی تھی، تب ہی ایک دن کسی نے محسن طلعت کے پاس بھیجا۔
سارہ نے بتایا کہ مجھے لگا، یہ کوئی عمر رسیدہ شخص ہوں گے لیکن آڈیشن دینے دفتر پہنچی تو ایک نوجوان کو بیٹھا دیکھا۔ میں نے ان سے کہا، ہدایت کار محسن طلعت سے ملنا ہے۔ جواب میں انہوں نے کہا، جی، میں ہی محسن طلعت ہوں۔
سارہ عمیر نے کہا کہ میں گئی تو آڈیشن دینے تھی، لیکن محسن کو دل دے بیٹھی۔ مجھے ان کے شائستگی اور نرمی سے بات کرنے کا انداز پسند آیا تھا۔
سارہ نے مزید کہا کہ میرے خاندان میں زیادہ تر مرد بلند آواز میں بات کرتے تھے لیکن محسن کی نرم گفتاری نے میرے نظریات بدل دیے۔ ہماری شادی اس لیے چل رہی ہے، کیونکہ میرے شوہر میں صبر بہت ہے۔