بہن بھائیوں کی کفالت کیلئے مجبوراََ کم عمری میں کام شروع کردیا تھا، صنم ماروی
کراچی: صنم ماروی نے کم عمری میں اس فیلڈ میں آنے کی وجہ سے پردہ اُٹھادیا۔ پاکستان کی مقبول لوک گلوکارہ صنم ماروی نے ایک کنسرٹ کا معاوضہ 25 لاکھ روپے لینے کا انکشاف کیا ہے۔
صوفیانہ کلام اور لوک گلوکاری کی وجہ سے مشہور صنم ماروی حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں، اس دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ سمیت زندگی کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
صنم ماروی کے مطابق مجبوری میں اس فیلڈ کا انتخاب کیا، بہن بھائیوں کی کفالت کی وجہ سے کم عمری سے ہی کام کرنا شروع کردیا تھا، جب میں 4 سال کی تھی، اس وقت میرا خاندان حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا۔
صنم ماروی نے کہا کہ میرا پہلا معاوضہ 27 ہزار روپے تھا، یہ اس وقت کے لحاظ سے ایک بہت بڑی رقم تھی، میرے گھر میں اس وقت کوئی سامان تک نہیں تھا، پہلا معاوضہ آتے ہی میں نے اپنی والدہ کے لیے گھر کاسامان مثلاً فریج، ٹی وی اور بیڈ خریدا تھا۔
صنم ماروی نے مزید بتایا کہ میں اب کنسرٹ سمیت شادی کے فنکشن کے پروگرام کرتی ہوں، میرے معاوضے میں ایک نئی آلٹو کار خریدی جاسکتی ہے، یوں کہیں کہ میں ایک کنسرٹ کا معاوضہ 25 لاکھ روپے تک وصول کرتی ہوں۔