بہادر پاکستانی خواتین کیلیے سائرہ پیٹر کا میوزیکل ٹریبیوٹ
کراچی: پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے موٹروے سمیت دیگر واقعات سے متاثرہ خواتین اور بچیوں کے لیے لندن سے آن لائن لائیو میوزیکل ٹریبیوٹ پیش کیا۔ انہوں نے عالمی شہرت یافتہ شاعر فیض احمد فیض کی شہرہ آفاق نظم ہم دیکھیں گے سائرہ پیٹر نے اپنی مدھر آواز میں پیش کی تو دنیا بھر سے پذیرائی کے پیغامات موصول ہونے شروع ہوگئے۔ انہوں نے اور بھی کئی شعراء کا مزاحمتی کلام پیش کیا۔
اس موقع پر اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ پچھلے چند دنوں میں پاکستانی خواتین کے ساتھ دل خراش واقعات پیش آئے۔ ان واقعات نے سب کو اداس اور رنجیدہ کردیا ہے۔ ہمارے معاشرے میں انصاف کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ میں نے تاریخ کے شعبے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اس طرح کے واقعات سے پاکستانی خواتین کمزور نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا پاکستانی خواتین بہت بہادر ہیں اور ان کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان خواتین کو انصاف ملے گا۔ ہم فن کار لوگ ساری زندگی امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دنیا بھر میں عام کرتے ہیں، میں نے جب سے گانا شروع کیا ہے، صوفیانہ اور عارفانہ کلام کو انگریزی میں ترجمہ کرکے دنیا کے مختلف ممالک میں عام کیا۔ میری آواز ہی میری پہچان ہے۔