سرجڑی بچیوں کی کامیاب سرجری کے بعد وطن واپسی!
چارسدہ: پیدائش کے وقت سر جڑی ہوئی جڑواں بہنیں صفا اور مروہ تین کامیاب آپریشنوں سے مشکل ترین مراحل سے گزرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئیں۔
جڑواں بہنوں کے جڑے سر گزشتہ برس فروری میں علیحدہ کیے گئے تھے، سر علیحدہ کرنے کے لیے تین کامیاب آپریشن لندن گریٹ آرمنڈ اسٹریٹ اسپتال کی ایک ٹیم نے کیے، اس دوران بچیوں نے 50 سے زائد گھنٹے آپریشن تھیٹر میں گزارے اور 100 طبی ماہرین پر مشتمل ٹیم بچیوں کی صحت کا مسلسل جائزہ لیتی رہی۔
بچیوں کی والدہ زینب بی بی کا گھر واپسی کے موقع پر برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ صفا اور مروہ کی گھر واپسی پر بے حد خوشی محسوس کررہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ بچیاں تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں اور مروہ تو تھوڑے سہارے سے اچھی کارکردگی کا اظہار بھی کررہی ہے۔
زینب بی بی کا مزید کہنا تھا کہ ہم صفا کا بھی زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں گے اور ان شاء اللہ دونوں جلد ہی چلنا شروع کر دیں گی۔
ایک اندازے کے مطابق جڑواں بچے شاذو نادر ہی پیدا ہوتے ہیں اور 20 میں سے ایک بچوں کا جوڑا جڑے ہوئے سر (کارنیو پیگس ٹوئن)کے ساتھ پیدا ہوتا ہے اور عموماً ان بچوں میں بہت کم ہی زیادہ عمر گزار پاتے ہیں۔
صفا اور مروہ اب ساڑھے تین برس کی ہیں اور ان کی باقاعدہ فزیکل تھراپی بھی کی جارہی ہے، تاہم اب بھی بچیوں کو سیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ بچیوں کے آپریشن کے لیے ایک پاکستانی تاجر نے 1 ملین ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی تھی۔