صوبائی وزیر محنت سعید غنی اپنے عہدے سے مستعفی
کراچی:سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا، انہوں نے استعفی وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوا دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پی پی رہنما اور وزیر محنت سندھ سعید غنی بلدیاتی انتخابات کی مہم چلانے کے لیے وزارت سے مستعفی ہوئے۔ وہ اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ اور صوبائی وزیر بلدیات بھی رہ چکے ہیں۔
سعید غنی نے اپنا استعفی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ارسال کردیا جس کے جلد منظور ہونے کے امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ 28 اگست کو ہوگی۔ پی پی پی، ایم کیو ایم، تحریک انصاف، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں اس حوالے سے بھرپور مہم چلارہی ہیں۔