رضوان رضی دادا پر پی ٹی وی اسکرین پر آنے پر پابندی عائد

اسلام آباد/ کراچی: پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن رضوان رضی المعروف "رضی دادا” پر اسکرین پر آنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں تاحکم ثانی معطل کردیا گیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام رضوان رضی کے ایک حالیہ وی لاگ کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے ایک حساس قومی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ایسے الفاظ استعمال کیے جو قومی ہم آہنگی اور اتحاد کے خلاف تصور کیے گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ان کا طرزِ اظہار نہ صرف پی ٹی وی کے ادارہ جاتی ضابطہ اخلاق سے متصادم ہے بلکہ اس سے عوام کے ایک طبقے کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہیں۔
پی ٹی وی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی ایسے مواد یا اظہار کی اجازت نہیں دے سکتی جو معاشرتی تقسیم یا نفرت انگیزی کو فروغ دے۔
رضوان رضی دادا ایک معروف صحافی اور تجزیہ کار ہیں جو مختلف قومی اور سیاسی موضوعات پر رائے زنی کرتے رہے ہیں۔ ان کے حالیہ وی لاگ میں انہوں نے ڈیموں کی تعمیر اور آبی وسائل سے متعلق گفتگو کے دوران ایک مخصوص طبقے کے بارے میں متنازع بیانات دیے، جس پر سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں ردعمل سامنے آیا۔
ذرائع کے مطابق، ادارے کو اس وی لاگ پر متعدد شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد معاملے کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کیا گیا۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ ان پر عائد پابندی کب تک برقرار رہے گی، تاہم ادارے نے عندیہ دیا ہے کہ اس حوالے سے مزید فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ اس ضمن میں پی ٹی وی کے اندرونی ضابطوں کے مطابق مزید انکوائری یا کارروائی کا امکان بھی موجود ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔