پانچ سال میں موبائل فون صارفین سے 3 کھرب ٹیکس وصولی کا انکشاف

اسلام آباد: موبائل فون صارفین سے پانچ سال کے دوران 3 کھرب 38 ارب روپے ٹیکس وصول کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس ہوا جس میں موبائل صارفین سے ٹیکس وصولی کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔
وزارت خزانہ نے صارفین سے ٹیکس وصولی کی تفصیلات ایوان کے سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران موبائل صارفین سے 3 کھرب 38 ارب روپے وصول کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق صارفین سے 2020 میں 50 ارب، 2021 میں 55 ارب ایڈوانس ٹیکس کی مد میں لیے گئے۔ اسی طرح فون بیلنس پر 2022 میں 61 ارب اور 2023 میں 80 ارب ٹیکس وصول کیا گیا جب کہ مالی سال 2024 کے دوران صارفین سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 92 ارب روپے وصول کیے گئے۔
وزارت خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ مالی سال 2025 میں برآمدات 33 ارب ڈالر پہنچنے کا امکان ہے جب کہ ترسیلات زر 33 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آئی ٹی سیکٹر میں مجموعی طور پر ساڑھے 8 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے اور رواں مالی سال آئی ٹی برآمدات 4 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ایوان میں سی پیک منصوبوں کے تحت رقوم وصولی کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جس کے مطابق پاکستان نے چینی حکومت سے سی پیک کی مد میں ساڑھے 25 ارب ڈالر وصول کیے۔ چین کے تعاون سے 24 ارب ڈالر کی لاگت سے 43 منصوبے مکمل کرلیے اور 75 کروڑ 95 لاکھ ڈالر کے 8 منصوبوں پر کام جاری ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔