صائمہ سے محبت کے بعد سیدنور نے میرا کیریئر تباہ کیا، ریشم

لاہور: ہدایت کار سید نور پر فلم اسٹار ریشم نے فلمی کیریئر تباہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔
کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ریشم گزشتہ کچھ سال سے اداکاری کی دُنیا سے دُور دکھائی دیتی ہیں اور اب اپنا زیادہ وقت خیراتی کاموں کو دیتی ہیں۔
ریشم نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے حال ہی میں ہدایت کار سید نور کو یہ کہتے ہوئے سنا تھا کہ ریشم ایک بدقسمت اداکارہ ہیں، کیونکہ ریشم نے سستے پروڈکشنز میں کام کرکے خود کو تباہ کیا۔


ریشم نے کہا کہ میں مانتی ہوں کہ میں نے اچھی اور بری فلموں میں کام کیا، لیکن مجھے یہ ثابت کریں کہ کس اداکار نے اچھا بُرا کام نہیں کیا، ہر فنکار اپنے کیریئر میں اچھے بُرے پروجیکٹس کرتا ہے، لیکن کوئی مانتا نہیں، سب کو یہ لگتا ہے کہ صرف ریشم نے بُری فلمیں کیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سید نور نے میرے پاؤں پر کلہاڑی ماری، صرف وہ ہی میرے مزاج کے ہدایت کار تھے لیکن اُنہوں نے مجھے کام دینا بند کردیا تھا کیونکہ اُنہیں اداکارہ صائمہ جی سے محبت ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنی ہر فلم میں صرف اُنہیں ہی کاسٹ کرتے تھے۔
ریشم نے کہا کہ میرے لیے سیدنور کے ساتھ کام کرنا آسان تھا کیونکہ میں اُن کے مزاج کو سمجھتی تھی لیکن صائمہ جی سے محبت کے بعد اُن کے پاس میرے لیے کوئی کام نہیں تھا۔
ریشم نے کہا کہ خدا کی قسم! سید نور نے میرا کیریئر تباہ کیا، اُنہوں نے فلم کے سیٹ پر میری توہین کی اور کہا کہ تمہیں کون اپنی فلم میں کاسٹ کرے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے انڈسٹری چھوڑنی پڑی کیونکہ میرے پاس کام نہیں تھا، میں اس بات سے بھی اتفاق کرتی ہوں کہ پنجابی فلموں میں صائمہ جی کو کاسٹ کرنا ہی بہترین فیصلہ تھا کیونکہ وہ پنجابی عورت جیسی خوبصورت تھیں لیکن میں اردو فلموں میں کام کرسکتی تھی۔
ریشم نے مزید کہا کہ سید نور یہ بات نہیں کہہ سکتے کہ میں اپنے کام کو نہیں جانتی، مجھے اُن کے اس بیان سے بہت دکھ ہوا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔