ریحام خان کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

کراچی: پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔
ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت کا نام پاکستان ری پبلک پارٹی رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کرے گی، پاکستان ری پبلک پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کو میں نے زبان دی تھی کہ کسی بھی سیاسی اقدام کا آغاز یہاں سے کروں گی، میرے برے حالات میں کراچی پریس کلب میرے ساتھ تھا۔
ریحام خان نے کہا کہ اب ماڈرن ٹیکنالوجی آگئی ہے، کسی کام کا آغاز کریں تو اللہ کا نام لے کر کریں، نیت کرنا بھی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی اور کے لیے کوئی کام کیا جاتا ہے تو اس میں اللہ پاک برکت ڈالتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2012 میں بی بی سی میں ملازمت اختیار کی تھی، بی بی سی سے مستعفی ہوکر اپنی والدہ کے پاس 4 سال رہی، مجھے پاکستان سے پیار ہوگیا، میں نے 2012 سے 2025 میں پاکستان کو دیکھا ہے۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے، مجھے ایک بچی نے کہا کہ آپ بھی کہیں ان سیاست دانوں طرح نہ ہوجائیں، اسی لیے میں سیاست سے الگ رہی، میں نے خود کو کسی بھی سیاسی ایکشن سے دور رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پرائم ٹائم پر اب یہ ہے کہ کس کی حکومت گررہی ہے، کون آرہا یے، کون جارہا ہے، کسی نے کہا کیا آپ محروم صوبوں کی بات کریں گی؟، میں نے کہا سب ہی صوبے محروم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں بہت سوچ بچار کے بعد قدم رکھ رہی ہوں، میرے مطابق کراچی دارالحکومت ہونا چاہیے، کسی سیاسی جماعت اور لیڈر میں کوئی فرق نہیں رہا، مری اور سوات جیسے واقعات پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جاتی ہے۔
ریحام خان نے کہا کہ کون جیل میں کون جیل سے باہر جارہا ہے، ٹی وی پر بیٹھ کر ہاتھا پائی ایک دوسرے کو برا بھلا کہا جارہا ہے، خیبرپختونخوا میں کیا حال ہے، گھر میں حق کی بات کریں تو کوئی آپ کو برادشت نہیں کرتا۔
اب صرف نظریہ یہ ہے کہ مجھے منسٹر بنانا ہے، میں نے میرٹ کی بنیاد پر کام کیا، چاہتی ہوں لوگ بھی میرٹ پر کام کریں، بجٙٹ آیا ہے جس کے خلاف آج تاجر احتجاج کررہے ہیں، شوگر کی قیمتوں کا کسی کو پتہ نہیں، مافیا کون ہے، ایف بی ار ان کو پکڑے، آج وڈیرہ کسانوں کی نمائندگی کررہا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو تاجر کنٹرول کررہے ہیں۔
ریحام خان نے کہا کہ آج ایسی تحریک کے ساتھ قدم اٹھا رہی ہوں جس میں پارلیمنٹ کے چہرے بدل کر دکھاؤں گی، اسمبلیوں میں آجکل 5خاندان بیٹھے ہوئے ہیں۔