راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلے دن 4 وکٹ پر 158 رنز جوڑ لیے

راولپنڈی: پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹیں گنواکر 158 رنز جوڑ لیے۔
پہلی اننگز میں 16 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان ٹیم بنگلادیش کے خلاف کھیل میں واپس آگئی۔ صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلادیشی بالرز کو کھیلنے میں ناکام رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
تین وکٹیں جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچادیا۔
تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 41 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ کھیل کل صبح 10 بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
قبل ازیں بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔
اس موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بورڈ پر بڑا اسکور کھڑا کرکے بنگال ٹائیگرز کے بالرز کو پریشر میں لائیں۔
ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل باعث گیلی آؤٹ فیلڈ سے ٹاس تاخیر کا شکار رہا تاہم بعدازاں امپائرز نے گراؤنڈ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ٹاس اور کھیل کا آغاز 2:30 بجے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔